ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / ساحلی خبریں / نواز شریف احتساب عدالت میں پیش

نواز شریف احتساب عدالت میں پیش

Tue, 26 Sep 2017 20:04:59    S.O. News Service

اسلام آباد،26؍ستمبر(ایس او نیوز؍آئی این ایس انڈیا)پاکستان کے سابق وزیر اعظم نواز شریف مالی بدعنوانی کے کیس میں آج احتساب عدالت کے سامنے پیش ہوئے۔ اس موقع پر مسلم لیگ نون کے اراکین نے نواز شریف کے حق میں نعرے لگائے۔پاکستان کے سابق وزیر اعظم نواز شریف کو اس سال 28 جولائی کو ملک کی سپریم کورٹ نیپاناما کیس کا فیصلہ سناتے ہوئے وزارت عظٰمی کے عہدے سے نااہل کر دیا تھا۔ نواز شریف آج منگل کے روز احتساب عدالت میں پیشی سے ایک دن قبل ہی برطانیہ سے پاکستان پہنچے تھے۔ سابق وزیر اعظم لندن اپنی بیمار اہلیہ سے ملنے گئے تھے۔نیوز ایجنسی اے پی کی رپورٹ کے مطابق احتساب عدالت 2 اکتوبر کو نواز شریف کے خلاف مالی بد عنوانیوں سے متعلق تین مقدمات کا فیصلہ سنا سکتی ہے۔لاھور کے ایک کاروباری گھرانے میں پیدا ہونے والے نواز شریف نے اپنی سیاست کا آغاز سن ستر کی دھائی کے اواخر میں کیا۔عدالت میں پیشی کے دوران مسلم لیگ کے کارکنان نے نواز شریف کے حق میں نعرے لگانا شروع کر دیے جس پر عدالت کے جج محمد بشیر ناراض بھی ہوئے اور تین مرتبہ پاکستان کے وزیر اعظم رہنے والی شخصیت نواز شریف کو کہا کہ وہ عدالت سے چلے جائیں کیوں کہ عدالت میں ان کی نمائندگی کرنے کے لیے ان کے وکیل موجود ہیں۔ پاکستانی اخبار ڈان کی ویب سائٹ پر شائع ہونے والی تفصیلات کے مطابق عدالت نے نواز شریف کو 2 اکتوبر کو عدالت میں طلب کر لیا ہے اور ساتھ ہی ان کے بچوں حسن، حسین ، مریم اور داماد کیپٹن صفدر کے خلاف گرفتاری کے قابل ضمانت وارنٹس بھی جاری کر دیے ہیں۔ ڈان اخبار کی ویب سائٹ کے مطابق عدالت نے ان سب کو ضمانت حاصل کرنے کے لیے دس لاکھ کے بانڈ جمع کرانے کا حکم دیا ہے۔


Share: